دنیا
Time 06 ستمبر ، 2020

بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال، ایک دن میں 90 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ

بھارت کو کورونا وائرس کے حوالے سے بدترین صورت حال کا سامنا ہے اور  ایک روز میں کورونا کیسز کی تعداد سامنے آنےکا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹے کے دوران کورونا کے 90 ہزار 633 کیسز سامنے آئے جب کہ ایک ہزار 65 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 41 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جس کے بعد عالمی سطح پر  کورونا متاثرین کے تعداد کے حوالے سے امکان ہے کہ بھارت دوسرے نمبر پر آ جائے۔

سب سے زیادہ کورونا کیسز اب تک امریکا میں سامنے آئے ہیں جہاں 64 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ برازیل 41 لاکھ 23 ہزار  مریضوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر  پر ہے، تیسرا نمبر بھارت کا ہے جہاں 41 لاکھ 14 ہزار کیسز کا اندراج ہو چکا ہے۔

بھارت میں کورونا سے 70 ہزار 704 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو کہ دنیا بھر میں تیسری بڑی تعداد ہے جب کہ برازیل  ایک لاکھ 26 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے اور امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 8 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ  1 کروڑ 91 لاکھ 62 ہزار 697 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :