پاکستان
Time 08 ستمبر ، 2020

جماعت اسلامی نے ’حقوقِ کراچی تحریک‘ چلانے کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حقوقِ کراچی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حقوق کراچی تحریک کے تحت 27 ستمبر کو شاہراہِ قائدین پر تاریخ ساز مارچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، 1100ارب روپے کا پیکج سیاسی شعبدہ بازی اور پوائنٹ اسکورنگ ہے، وفاق کا تو کُل ترقیاتی بجٹ ہی 650 ارب کا ہے جس میں کراچی کے لیے 18 ارب روپے رکھے گئے ہیں، اتنے بڑے عہدے پر بیٹھنے والے قوم کے سامنے بڑے بڑے جھوٹ بولتے رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کا 4 سال میں 104 ارب روپے کے بحٹ میں 52 ارب کا ترقیاتی بجٹ تھا، ڈی ایم سیز کو چار سال میں 62 ارب روپے ملے تو  ان کا حساب کون دے گا؟ ہم موجودہ سندھ لوکل باڈیز ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کی مردم شُماری میں بھی گھپلا ہے، تمام بڑے ادارے کراچی کی آبادی 3 کروڑ بتاتے ہیں لیکن ڈیڑھ کروڑ ظاہر کیا گیا، جب لوگوں کو ہی کم گنا جائے گا تو وسائل بھی کم ہی ملیں گے لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری مردم شماری کرائی جائے۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اور کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔

مزید خبریں :