08 ستمبر ، 2020
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) پنجاب پولیس ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یاسین نے نئے آئی جی انعام غنی کے ماتحت کام کرنے سےانکار کردیا۔
اے آئی جی طارق مسعود یاسین نے تحریری طور پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کو آگاہ کردیا ہے اور درخواست میں کہا ہے کہ نئے آئی جی پولیس میرے جونیئر ہیں، مجھے فوری ٹرانسفر کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تبادلے کا فیصلہ ہونے تک میری چھٹی کی درخواست نئے آئی جی کو دے دی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ پولیس میں وقار اور اصولوں کے تحت نوکری کی ہے۔
اُدھر طارق مسعود یاسین کے علاوہ پنجاب میں ایک اور ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر بھی تعینات ہونے والے نئے آئی جی پنجاب سے سینیئر ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے شعیب دستگیر کی جگہ انعام غنی کو نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب تعینات کیا ہے۔
انعام غنی تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے پنجاب کے چھٹے آئی جی ہیں۔
شعیب دستگیر کو کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ سے اختلافات کے باعث عہدے سے ہٹایا گیا۔