09 ستمبر ، 2020
کراچی کے علاقے ڈیفنس اور اخترکالونی کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق قیوم آباد پل سے ڈیفنس کی طرف اترتے ہوئے واٹر ٹینکر کا بریک فیل ہوگیا، جس نے پہلے 2 کاروں کو ٹکر ماری اور اس کے بعد ایک موٹر سائیکل بھی اس کی زد میں آگئی اور اس پر سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ ذیشان اور 22 سالہ حسنین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ بچی جس کی عمر تقریباً 7 سال ہےکی شناخت نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب آج صبح اسی طرح کے ایک اور ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نیٹی جیٹی پل پر واٹر ٹینکر کے بریک فیل ہونے سے واٹر ٹینکر الٹ گیا جس کی زد میں پیچھے سے آنے والا موٹرسائیکل سوار دب کر جاں بحق ہوگیا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرارہوگیا جب کہ واٹر ٹینکر کو سیدھا کرکے ڈاکس تھانے منتقل کردیا گیا۔