Time 10 ستمبر ، 2020
دنیا

'کورونا ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانے کیلئے 8 ہزار جمبو طیارےدرکار ہوں گے'

— فائل فوٹو

ائیرلائن انڈسٹری کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانا اب تک کی تاریخ کا سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔

انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے بوئنگ 747 جیسا حجم رکھنے والے 8ہزار جہاز درکار ہوں گے۔

یاد رہے کہ ابھی تک دنیا میں کسی بھی ملک کو اس مہلک وائرس کی ویکسین کی تیاری میں پوری طرح سے کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے تاہم آئی اے ٹی اے نے ابھی سے مختلف آئیرلائنز، آئیرپورٹس اور صحت پر کام کرنے والی عالمی تنظیمیں اور دوا ساز کمپنیوں سے ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈسٹریبوشن کے اس اندازے میں فرض کیا گیا ہے کہ دنیا میں اگر ہر شخص کے لیے صرف ایک ویکسین پہنچائی جائے تو اس کے لیے اتنی بڑی تعداد میں طیاروں کی ضرورت ہو گی۔

آئی اے ٹی اے کے چیف ایگزیکٹیو الیگزینڈر ڈی جولیاک کا کہنا ہے کہ "کورونا وائرس کی ویکسین کو ہر جگہ پہنچانا عالمی فضائی گارگو انڈسٹری کے لیےاس صدی کا سب سے بڑا مشن ہو گا ۔۔۔لیکن یہ محتاط منصوبہ بندی کے بغیر ممکن نہیں ہے جس کا بہتر وقت ابھی ہے۔"

یاد رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں تقریباً 140 ویکسینز اس وقت تیاری کے مراحل میں ہیں جب کہ دو درجن کے قریب ویکسینز ایسی ہیں جو اس وقت انسانوں پر جانچ کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔

مزید خبریں :