10 ستمبر ، 2020
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نےکے الیکٹرک کے بجلی ڈسٹری بیوشن لائسنس میں ترمیم کے لیے21 ستمبر کو کراچی میں عوامی سماعت کا اعلان کردیا۔
کراچی میں گذشتہ دنوں بجلی کی فراہمی کی ناقص صورتحال اور کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر سپریم کورٹ کے نوٹس اور احکامات کے بعد نیپرا نے کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے لائسنس میں ترمیم کے لیے کمپنی سے مؤقف مانگا تھا اور عوام سے بھی رائے طلب کی گئی تھی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے بجلی ڈسٹری بیوشن لائسنس میں ترمیم سے متعلق تجویز سے اختلاف کرتے ہوئے جواب جمع کرادیا ہے۔
نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک سے مانگے گئے کمنٹس میں لائسنس میں ترمیم سے متعلق نیپرا تجویز کو قبول یا انکار کرنے سے متعلق کہا گیا تھا، نیپرا ایکٹ کا سیکشن 26 عوامی مفاد میں نیپرا کو کے الیکٹرک کے لائسنس میں تبدیلی یا ترمیم کا اختیار دیتا ہے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک بجلی ڈسٹری بیوشن لائسنس میں تبدیلی کےلیے عوامی آرا کا نوٹس اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیا تھا اب اس حوالے سے 21 ستمبر کو کراچی میں عوامی سماعت کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔