بی آرٹی کی ایک اور بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی ایک اور بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

گلبہار اسٹیشن کے قریب بی آر ٹی بس کے پچھلے حصے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور  آگ لگتے ہی بس رک گئی۔ بس کے رکتے ہی خواتین سمیت تمام مسافر گھبراہٹ میں فوری طور پر بس سے باہر نکل گئے۔ 

ٹرانس پشاور کے ترجمان عمیر خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بس پر لگی آگ پر قابو پایا۔ 

ریسکیو 1122 کے مطابق بی آر ٹی بس کے تمام مسافر محفوظ ہیں،  آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

میگا پروجیکٹ بی آر ٹی کے افتتاح کے بعد سے بی آر ٹی کی 4 بسوں میں حیات آباد، یونیورسٹی روڈ، چمکنی اور اب گلبہار اسٹیشن میں آگ لگ چکی ہے تاہم ترجمان بی آر ٹی کا کہنا تھا کہ اب تک صرف دو بسوں میں آگ لگی ہے جس کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ 

مزید خبریں :