Time 12 ستمبر ، 2020
پاکستان

موٹروے زیادتی کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا: آئی جی پنجاب

لاہور: آئی جی پنجاب نے موٹروے زیادتی کیس میں فی الحال کسی ملزم کی گرفتاری کی تردید کردی۔

جیونیوز کے مطابق پنجاب پولیس کے سربراہ انعام غنی نے کیس میں ملزم کی گرفتاری سے متعلق مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو غلط قرار دیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملزمان اور خاتون کی شیئر کی جانے والی تصاویربھی جعلی ہیں، کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔

انعام غنی کا کہنا تھا کہ کیس کی تفتیش کو خود مانیٹر کر رہا ہوں،کسی کامیابی پر میڈیا کو خود آگاہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی غیر تصدیق شدہ خبریں کیس پر اثرانداز ہوتی ہیں اور عوام کے لیے بھی گمراہ کن ہیں، میری میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی خبر نہ چلائیں جب کہ عوام سے بھی گزارش ہے کہ ہم پر اعتماد رکھیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیں گے۔

واقعے کا پسِ منظر

9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔

جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

مزید خبریں :