پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2020

1998 کی حلقہ بندیوں پر بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکتے: وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے 1998 کی مردم شماری پر بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکتے۔

سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں ہوں گی اور مردم شماری کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) دے گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قانون میں ہے کہ تازہ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جائیں، لیکن اس وقت 1998 کی منظور کردہ مردم شماری ہے، اس پر انتخابات نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے بعد قانون کے مطابق 120 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت اگست میں ختم ہو گئی ہے اور اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا تھا کوشش ہے کہ صوبے میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروائیں۔

مزید خبریں :