پاکستان
Time 17 ستمبر ، 2020

کراچی میں بجلی کا بحران سنگین، لوڈ شیڈنگ 10 گھنٹے تک جا پہنچی

کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا۔

کراچی کے علاقے گارڈن دھوبی گھاٹ میں ہر ایک گھنٹے بعد 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جب کہ گارڈن ویسٹ میں ہر آدھے گھنٹے بعد ایک سے 2 گھنٹےکی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، گلستان جوہر میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ طویل ہو گیا ہے جب کہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 6 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دن میں چار بار ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی بند ہونے کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ سوئی سدرن کی کے الیکٹرک کو گیس سپلائی میں اچانک کمی سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

سوئی سدرن کے مطابق گیس فیلڈ سے سوئی سدرن کو گیس کی فراہمی میں 100 ملین مکعب فٹ کی کمی آئی ہے لیکن کے ای کو 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کی طلب 3000 میگا واٹ اور رسد 2500 میگا واٹ ہے جس کے بعد طلب اور رسد میں فرق 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

کے الیکٹرک انتظامیہ فرنس آئل سے بجلی پیداوار پوری کرنے میں ناکام ہو گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :