موبائل چور بندر بھی سیلفی بخار میں مبتلا

بندر نے موبائل کو پہلے کھانے کی کوشش کی پھر ناکامی پر سیلفی کو شوق پورا کیا،فوٹو:@Zackrydz

یوں تو سیلفی کے بخار نے پوری دنیا کے انسانوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے تاہم اب جانور بھی اس سے متاثر نظر آتے ہیں اور اس کی تازہ ترین مثال ملائیشیا میں سامنے آئی ہے جہاں ایک بند کی موبائل سے لی گئی سیلفیاں سوشل میڈیاپر خوب وائرل ہورہی ہیں۔

ملائیشیا میں ایک طالب علم زیکریڈز روڈزی کاکہنا ہے کہ اس کا موبائل فون اس وقت چوری ہوگیا تھا جب وہ اپنے گھر میں سورہا تھا، اور اسے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ اس کا موبائل کون لے کر جاسکتا ہے۔

زیکریڈز روڈزی کے مطابق اس نے بہت ڈھونڈا لیکن موبائل نہیں ملا، اگلے روز اس کے والد نے دیکھا کے ایک بندر ان کے گھر کے پاس بیٹھا ہوا ہے جب کہ اسی موقع پر اس نے اپنے فون پر کال کی تو اس کی آواز گھر کے عقب میں واقع جنگل سے آتی سنائی دی اور وہاں جاکر دیکھا تو اسے کجھور کے درختوں کے بیچ مٹی سے لدا اس کا موبائل مل گیا۔

فوٹو: @Zackrydz

اس کے انکل نے ازراہ مذاق کہا کہ موبائل کھولو شاید اس میں چور کی تصویر ہو اور جب اس نے موبائل کھولا تو اس میں ایک بندر کی لا تعداد تصویریں اور ایک ویڈیو موجود تھیں۔

فوٹو: @Zackrydz

زیکریڈز روڈزی نے یہ تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں جو کہ وائرل ہوگئی ہیں اور دنیا بھر میں اسے پسند کیا جارہا ہے۔

فوٹو: @Zackrydz

فون غائب ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد بنائی گئی ویڈیو میں ایک بندر کو دیکھا جا سکتا ہے جو کہ بظاہر فون کھانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، اس کے علاوہ فون میں بندر، درختوں اور پودوں کی بہت سی دوسری تصاویر بھی موجود ہیں۔

موبائل جنگل تک کیسے پہنچا اس بات کی تصدیق تو نہیں ہوسکی ہے تاہم زیکریڈز روڈزی کا کہنا ہے کہ یہ بندر کی ہی کارستانی لگتی ہے۔

مزید خبریں :