18 ستمبر ، 2020
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہےکہ پانچ مزید ممالک اسرائیل سے ڈیل کے لیے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد مزید 5 ممالک کے معاہدے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
مارک میڈوز نے دعویٰ کیا کہ پانچ مزید ملک اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے لیے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف نے فی الحال ان ممالک کی شناخت ظاہر کرنے سے انکا رکردیا۔
مارک میڈوز کا کہنا تھا کہ ان پانچ ممالک میں سے تین ممالک خطے کے ہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے بعد مزید ممالک کے معاہدوں کی امید ظاہر کی تھی جس کے بعد ممکنہ طور پر اسرائیل سے معاہدے کرنے والے ملک میں عمان کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ بحرین اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کی تقریب میں عمان کے سفیر بھی شریک تھے۔
اس تقریب میں صدر ٹرمپ نے پیشگوئی کی تھی کہ سعودی عرب بھی بلآخر اسرائیل کے ساتھ ڈیل پر آمادہ ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 13 اگست اور بحرین نے 11 ستمبر کو اسرائیل سے امن معاہدے کا اعلان کیا تھا۔