Time 18 ستمبر ، 2020
پاکستان

پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کے پیچھے بھارت ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے پیچھے بھارت ہے، بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ کلبھوشن کےلیے وکیل باہرسے لایا جائے، پاکستانی قانون کے مطابق ایسا ممکن نہیں، بھارت کو بتایا گیا ہے کہ کلبھوشن کو صرف پاکستانی وکیل ہی دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں، پاکستان فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ نوازشریف کے حوالے سے موصول ہونے والے وارنٹ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھجوادیے گئے ہیں۔

 ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں غیرانسانی فوجی محاصرے، کشمیریوں پرپابندیوں کو آج 410 دن ہوچکے، مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ عوام باقی دنیا سے کٹ چکے ہیں،پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں بدل دیا گیا ہے، 3 دن میں قابض بھارتی افواج نے 5معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارت سرگرم ہے، پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کے پیچھے بھارت ہے، بھارتی عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، ہمارے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے حوالے سے یہی کہوں گا کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔

’القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونے کی حمایت کرتے ہیں‘

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں، پاکستان فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن چاہتا ہے، پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونے کی حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے جمعہ 25 ستمبر کو خطاب کریں گے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی جنرل اسمبلی اجلاس میں حصہ لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر کوبھرپوراندازمیں اٹھائیں گے۔

’امید کرتے ہیں تمام افغان دھڑے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں گے‘

افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ امید کرتے ہیں تمام افغان دھڑے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں گے، پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا حامی ہے، زلمے خلیل زاد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں، مودی حکومت اکھنڈ بھارت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، چین و پاکستان سمیت بھارت کے اپنے پڑوسیوں سے سرحدی تنازعات ہیں۔ 

مزید خبریں :