18 ستمبر ، 2020
موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو پولیس تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہے اور مجرم قانون کی گرفت سے باہر ہے۔
پولیس نے مرکزی ملزم عابد کی مختلف انداز میں تصاویر جاری کی ہیں، عابد کی اصلی شکل کو سامنے رکھتے ہوئے روپ بدلنے کی مختلف تصویر جاری کی گئیں ہیں تاکہ لوگ اسے پہچان سکیں۔
ان تصاویر میں مرکزی ملزم عابد کو بغیربالوں، بغیر مونچھ اور فرنچ اسٹائل داڑھی میں دکھایا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس سے بچنے کیلئے ایسے روپ اختیار کرسکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے مرکزی ملزم عابد کی ننکانہ میں موجودگی کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او اسماعیل کھاڑک کی نگرانی میں ایلیٹ فورس اور مختلف تھانوں کی نفری کے ہمراہ دولر والا قبرستان اور ملحقہ علاقوں کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کیا لیکن ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
واضح رہے کہ 9ستمبر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق پیٹرول ختم ہونے کے باعث خاتون کی گاڑی بند ہوگئی تھی اور وہ اپنے شوہر کے آنے کا انتظار کررہی تھی جب کہ اس نے موٹر وے پولیس سے بھی مدد طلب کی تھی تاہم اسے کوئی مدد نہ مل سکی۔
واقعے میں عابد کے ساتھ واردات میں ملوث شفقت کو گرفتار کرلیا گیا اور اس نے خاتون کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔