22 ستمبر ، 2020
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی پارلیمانی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات اور اس دوران ہونے والی گفتگو پاکستانی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں آرمی چیف نے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے سے کہا تھا کہ اگر صدارتی ووٹ لینا ہو تو اسمبلیاں حلال ہو جاتی ہیں اور اگر ناکام ہوں تو اسمبلیاں حرام ہو جاتی ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں کسی مسئلے میں نہ لائیں، سیاسی معاملات میں آپ جانیں اور آپ کا کام جانے، سیاست فوج کا کام نہیں۔
وفاقی وزیر کے بقول جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں سول حکومت بلائے گی تو لبیک کہیں گے۔
اپوزیشن کے اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ لکھ کر لے لیں کہ پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دے گی۔
ایک اور انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران شرکاء میں سے ایک کو کہا گیا آپ نے الیکشن کی رات فون کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ عسکری قیادت کو فون کرنے والے پارلیمنٹیرین کا نام خواجہ آصف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فون پر عسکری قیادت نے خواجہ آصف سے کہا کہ دھاندلی نہیں ہو گی اور پھر خواجہ آصف جیتے۔