23 ستمبر ، 2020
آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی نے اپنی درخواست ضمانت میں دعویٰ کیا ہے کہ سشانت منشیات کا عادی تھا اور اپنے اسٹاف سے منشیات منگواتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی نے ضمانت کے لیے دوسری مرتبہ درخواست دائر کی جس میں انہوں نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور دیگر ایجنسیوں کی تحقیقات کو اپنے خلاف پراپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کی درخواست ضمانت پر آج ہونے والی سماعت ممبئی میں طوفانی بارش کے باعث ملتوی کردی گئی جس پر کارروائی کل ہوگی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ عدالت نے ریا چکرورتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 6 اکتوبر تک توسیع کی ہے۔
ریا نے اپنی درخواست ضمانت میں کہا یہ بات واضح ہے کہ صرف سشانت سنگھ ہی منشیات کا عادی تھا اور وہ اپنے اسٹاف سے بھی منشیات منگوایا کرتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریا چکرورتی نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ لوگوں سے حاصل معلومات کی بنیاد پر سشانت نے اپنی موت سے تین روز قبل اپنے باورچی نیرج کو گانجا کے رول بناکر اسے کمرے میں لانے کا کہا تھا۔
ریا چکرورتی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ سشانت کے باورچی نیرج نے سی بی آئی اور پولیس کو بتایا کہ اس نے گانجا کے رول بناکر اور اسے ایک ڈبے میں بند کرکے سشانت کے کمرے میں رکھا جس کے بعد سشانت اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا۔
ریا کے مطابق سشانت کے باورچی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اداکار نے گانجا کے تمام رول کا استعمال کیا جس کے بعد ڈبا مکمل خالی تھا، اس لیے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے جمع کیے گئے شواہد میں یہ واضح ہے کہ سشانت سنگھ اکیلے ہی منشیات کا عادی تھا اور اس کے ارد گرد رہنے والے لوگ اس عادت میں اس کا ساتھ دیتے تھے۔
اداکارہ ریا چکرورتی کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ اداکار سشانت سنگھ کو سگریٹ نوشی کے ساتھ گانجا کی مسلسل عادت تھی جب کہ اسی عادت کی وجہ سے اس نے اپنی فلم کی شوٹنگ کیدرناتھ کے دوران بھی منشیات لی۔
خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔
سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا۔
ریا چکرورتی سشانت کے والدین کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتی آئیں ہیں اور وہ خود وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سشانت کی موت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔