Time 23 ستمبر ، 2020
پاکستان

’قومی سلامتی کے امور پر آئندہ کسی اجلاس میں اگر شیخ رشید ہوئے تو میں نہیں جاؤں گا‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہو یا کوئی بھی معاملہ ہوا ایسے کسی اجلاس میں پیپلز پارٹی شریک نہیں ہوگی جس میں شیخ رشید موجود ہوں گے۔

کراچی بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور پر آئندہ کسی میٹنگ میں شیخ رشید ہوئے تو میں نہیں جاؤں گا۔

بلاول نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس یا کوئی بھی ان کیمرہ اجلاس ہو تو اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جاتیں لیکن کچھ غیر ذمہ دار لوگ جن کا تعلق نہ قومی سلامتی سے، نہ گلگت بلتستان سے نہ آزاد کشمیر سے نہ ہی خارجہ پالیسی سے تھا، انہوں نے مجبور کردیا ہے کہ میں اس حوالے سے بات کروں۔

بلاول نے کہا کہ جنہوں نے عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقات میں ایک لفظ نہیں کہا وہ آج کل ہر ٹی وی چینل پر آکر بات کررہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر جو اجلاس بلایا گیا اس کے حوالے سے میڈیا پر ایسی باتیں کرنے سے معاملہ متنازع ہوتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے  اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں باہر کرنے والے کو چپ کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جس نے اجلاس میں ایک لفظ نہیں کہا، وہ باہر ٹی وی پر باتیں کر رہا ہے، ایسی باتوں سے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے امور متنازع بنتے ہیں۔

آرمی چیف کی طرف سے کسی خاص ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، بلاول

بلاول نے کہا کہ اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں کرنے والا جس کا بھی ترجمان ہے انہیں چاہیے کہ اُسے چپ کرائیں، ہم ملکی سلامتی پر متحد ہیں، ان کیمرا اجلاس کی بات باہر نہیں کرتے۔

 وزیراعظم عمران خان کے بارے میں بلاول نے کہا کہ عمران جب سے وزیراعظم بنے تمام بڑے ایشوز پر ناکام ہوئے، عمران خان میں اتنی اہلیت ہی نہیں کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں۔

ایک سوال پر بلاول نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے کسی خاص ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، گلگت بلتستان کی میٹنگ میں زیادہ بات صاف شفاف الیکشن پر ہوئی، انشاء اللہ ماضی میں جو اعتراضات رہے ہیں، وہ دورکیے جائیں گے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عسکری قیادت کی جانب سے نیشنل سیکیورٹی بریفنگ پہلی بار نہیں ہوئی، آرمی چیف کی گفتگو سے یہ تاثر ملا کہ وہ چاہتے ہیں الیکشن متنازع نہ ہوں، مگر اس کا ٹیسٹ کیس گلگت بلتستان کے الیکشن ہوں گے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔

اس ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھاکہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران شرکاء میں سے ایک کو کہا گیا آپ نے الیکشن کی رات فون کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عسکری قیادت کو فون کرنے والے پارلیمنٹیرین کا نام خواجہ آصف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس فون پر عسکری قیادت نے خواجہ آصف سے کہا کہ دھاندلی نہیں ہو گی اور پھر خواجہ آصف نشست جیتے۔

عسکری قیادت کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کے حوالے سے وزیرریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے کہ شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق سمیت عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما بھی شریک تھے۔

مزید خبریں :