دنیا
Time 23 ستمبر ، 2020

’کورونا پریس کانفرنس کرے اور بتائے حکومت سے کیسے بچا جائے‘

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان نے برطانوی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کورونا وائرس کو برطانوی حکومت سے نجات دلانے والا قرار دے دیا۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہوگئی ہے اور ایسے میں برطانوی حکومت نے شہریوں کو گھروں سے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 

برطانوی حکومت  کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے جمائمہ نے طنزیہ ٹوئٹ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر خود کو اس وقت زیادہ محفوظ تصور کریں گی کہ جب کورونا وائرس ایک پریس کانفرنس کرے اور بتائے کہ اس حکومت سے کیسے بچا جائے۔ 

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن جمعرات سے برطانیہ میں پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ 

ریسٹورنٹس اور بار 10 بجے بند ہوجائیں گے اور لوگ گھروں سے کام کر سکیں گے جب کہ سماجی تقریبات میں محدود تعداد میں لوگ شرکت کرسکیں گے۔

برطانیہ میں یہ پابندیاں 6 ماہ تک جاری رہ سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا کے باعث مزید 37 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہزار 862 ہوگئی جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار سے زائد ہے۔

مزید خبریں :