Time 24 ستمبر ، 2020
پاکستان

'گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا مطالبہ اسلئے ہےکہ عوام اپنا مستقبل خود طےکرسکیں'

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا مطالبہ اس لیے ہے کہ وہاں کے لوگ اپنا مستقبل خود طےکرسکیں۔

اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو سب سے پہلے 1974میں گلگت بلتستان میں اصلاحات لائے، انہوں نے ہی گلگت بلتستان سے ایف سی آر اور راج شاہی ختم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو 1994میں پہلا لیگل فریم ورک آرڈر محترمہ بینظیربھٹو نے دیاجب کہ سابق صدر آصف زرداری نے 2009 میں گلگت بلتستان کو نام دیا اور اسمبلی بااختیار بنائی۔

بلاول کا کہنا تھاکہ میں نے اپنے 2018 کے منشور میں گلگت بلتستان کو مزید حقوق دینےکاوعدہ کیا، وہاں شفاف انتخابات کا مطالبہ اس لیے ہےکہ وہاں کے لوگ اپنا مستقبل خود طےکرسکیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان 2020 کے انتخاب 2018 والے منشور کی بنیاد پر ہی لڑےگی، یہ وقت ہےکہ گلگت بلتستان کے عوام کے خوابوں کو تعبیر ملے۔

خیال رہےکہ چند روز قبل چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگرگلگت بلتستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات نہ ہوئے تو یہ ملک کے لیے بڑا سیکیورٹی رسک ثابت ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل گلگت بلتستان کے حوالے سے عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی،اس حوالے سے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق قومی سلامتی کے اداروں کے حکام نے سیاسی رہنماؤں پر واضح کیا ہے کہ فوج کو انتخابی عمل سے دور رکھاجائے۔

مزید خبریں :