Time 25 ستمبر ، 2020
کھیل

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ نوجوان کرکٹرز کیلئے صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع

فوٹو: بشکریہ جیو نیوز 

30 ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہورہا ہے جہاں پاکستان کی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ ایونٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کرنے اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بولر عاکف جاوید کی بات کی جائے تو وہ اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔

اب تک 13 میچوں پر مشتمل اپنے مختصر ٹی ٹوینٹی کیرئیر میں 13 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ گزشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم اور رواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع ملا ہے، اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 124.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 162 رنزبنانے والے جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

22 سالہ اعظم خان کی صلاحیتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین کو نیٹ میں پریکٹس کرتا دیکھ رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اعظم خان جیسا کھلاڑی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اعظم خان کی صلاحیتوں کوبہترین انداز میں استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔

17 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین قاسم اکرم ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں شیڈول نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گے۔

قاسم اکرم نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت شائقین کرکٹ اور ہیڈ کوچ شاہد انور کی توجہ حاصل کی، انہوں نے ایونٹ کے 5 میچوں میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنائے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔

سینٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق قاسم اکرم ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور انہیں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020 میں متاثر کن کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

سوات سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آل راؤنڈر محمد محسن اب تک 15 میچوں میں 115.38 کے اسٹرائیک ریٹ سے 120 رنز بناچکے ہیں، اس دوران وہ 14 مرتبہ حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا چکے ہیں، رواں سال پہلی بارپی ایس ایل کا حصہ بننے والے محمد محسن نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔

خیبرپختونخوا کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہےکہ محمد محسن ایک ٹیلنٹڈ کرکٹر ہیں جو قدرتی طور پر ایک آل راؤنڈر ہیں۔ 

پاکستان سپر لیگ 2020 کے لیگ میچز میں 2 نصف سنچریاں بناکر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے والے 28 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں حریف ٹیموں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے ذیشان اشرف اب تک 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 3 نصف سنچریوں کی بدولت 538 رنز بناچکے ہیں، 120.62 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اب تک اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں 57 چوکے اور 15چھکے جڑ چکے ہیں۔

چکوال سے تعلق رکھنے والے ناردرن کے 23 سالہ اوپنر ذیشان ملک اب تک 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک نصف سنچری کی بدولت تقریباً 23 کی اوسط سے 158 رنز بناچکے ہیں۔ 

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ذیشان ملک نے گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی 21-2020 میں سدرن پنجاب کے خلاف 216 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، ہیڈ کوچ محمد وسیم پرامید ہیں کہ ذیشان ملک محدود طرز کی کرکٹ میں بھی بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :