سلمان خان کی پہچان بننے والے گانوں کے پیچھے آواز خاموش ہوگئی

سلمان خان پر فلمائے گئے مشہور گانوں میں ’پہلا پہلا پیار ہے‘، ’مجھ سے جدا ہوکر‘، ’دیکھا ہے پہلی بار ‘ اور ’ساتھیا تو نے کیا کیا‘ سمیت کئی شامل ہیں— فوٹو: فائل 

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے بے شمار سپر ہٹ گانوں اور سلمان خان کی ابتدائی فلموں کے رومانوی گانوں میں آواز کا جادو جگانے والے گلوکار و موسیقار ایس پی بالا سپر مینیم 74 سال کی عمر میں چل بسے۔

آنجہانی گلوکار میں گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ چنئی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج انتقال کرگئے۔

بالا سپر منیم المعروف ایس پی بالا نے سیکڑوں فلموں کے لیے گیت گائے اور بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے کیریئر کے ابتدائی دور کی فلموں میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

سلمان خان پر فلمائے گئے ایس پی بالا کے مشہور گانوں میں ’پہلا پہلا پیار ہے‘، ’مجھ سے جدا ہوکر‘، ’دیکھا ہے پہلی بار ‘ اور ’ساتھیا تو نے کیا کیا‘ سمیت کئی شامل ہیں، اس کے علاوہ اپنے فنی کیریئر میں اس پی بالا نے 16 زبانوں میں 40 ہزار گیت ریکارڈ کیے جن میں سے کئی زبان زد عام ہوئے۔

آنجہانی گلوکار کو بہترین گلوکاری و موسیقاری پر 6 نیشنل ایوارڈز بھی دیے گئے، اس کے علاوہ انہیں 2001 میں بھارت کے اعلیٰ سول اعزاز پدما شری اور 2011 میں پدما بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

آنجہانی گلوکار کے انتقال پر سلمان خان اور دیگر فلمی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

مزید خبریں :