پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2020

پی ٹی آئی نے طلال چوہدری اور ایک باعزت خاتون کا تماشہ بنانےکی کوشش کی:عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے طلال چوہدری اور ایک باعزت خاتون کاتماشہ بنانے کی کوشش کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ چوہان صاحب کی زبان سے خواتین کی عزت و احترام کی باتیں بہت عجیب لگتی ہیں، ماؤں بہنوں کی عزت کرنے کا درس دینے والے ان کی عزتیں نہیں اچھالتے۔

عظمیٰ بخاری کاکہنا تھا کہ  ہرمعاملے پر سیاست کرناعمران خان اور ان کے حواریوں کا پرانا وطیرہ ہے ،پی ٹی آئی نے طلال چوہدری اور ایک باعزت خاتون کا تماشہ بنانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے جلسوں میں جس طرح خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات پیش آئے وہ بھی پوری قوم جانتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی گھٹیا سیاست کا جواب بہت بہتر دیا جا سکتا ہے،بنی گالا اور اس کے مکینوں کی کہانیاں تو ناقابل بیان ہیں۔

خیال رہے کہ 24 ستمبر کی رات طلال چوہدری فیصل آباد میں مبینہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے، طلال چوہدری کے بائیں کندھے پر چوٹ آئی تھی جس کے بعد  انہیں لاہور کے نجی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔

مبینہ حملے کےحوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل نے طلال چوہدی پر اپنی ہی جماعت کی خاتون رکن قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

اس حوالے سے طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہاہےکہ اس معاملے سے کسی خاتون کا کوئی تعلق نہیں، سب ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت اور وقارکا خیال رکھا جائے، معاملے پر تفصیلی جواب جاری کروں گا۔

مزید خبریں :