28 ستمبر ، 2020
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کسی جرم کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہوئی۔
شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ہنگامی نیوز کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا، تحریک چلے گی اور بھرپور طریقے سے چلے گی، نوازشریف جلد وطن واپس آکر اپوزیشن کی تحریک کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے کا بوجھ ہر ایک نہیں اٹھا سکتا، شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہے گا، ن لیگ میں سےش نہیں نکلے گی، ایسی باتیں ش لیگ نکالنے میں ناکامی کی چیخیں ہیں۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے، ن لیگ کی قیادت کریں گے، ن لیگ کے پاس صرف استعفوں کا نہیں بلکہ فیصلہ کن لانگ مارچ کا آپشن بھی ہے، نواز شریف بیمار ہیں لیکن ان کا جذبہ بیمار نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر اس ملک میں کوئی قانون ہوتا تو شہباز شریف نہیں بلکہ عاصم سلیم باجوہ گرفتار ہوتے۔
مریم نواز نے کہا کہ ’میں سن رہی ہوں کہ آپ کہہ رہے ہیں اپوزیشن مستعفی ہوگی تو نئے الیکشن کرالیں گے، آپ کو اس کی مہلت کہاں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہتی ہے، قوم کو خوشخبری دیتی ہوں کہ کہ اب نواز شریف پوری قوت کے ساتھ ن لیگ کی قیادت کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ چاہے شہباز شریف کو گرفتار کرلیں یا مجھے گرفتار کرلیں آل پارٹیز کانفرنس میں طے کیے گئے ایجنڈے کے تحت تحریک پورے جذبے کے ساتھ چلے گی، یہ تحریک رکنے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے کا بوجھ ہر ایک نہیں اٹھا سکتا، شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہے گا، ن لیگ میں سےش نہیں نکلے گی، ایسی باتیں ن لیگ میں سے ش لیگ نکالنے میں ناکامی کی چیخیں ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو گرفتار کرلیا ہے۔
قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی کے خلاف استعمال ہونے سے انکار کر دیا تھا اس لیے انہیں گرفتار کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی، شہباز شریف آپ کو سلام۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگر ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف نہیں عاصم سلیم باجوہ گرفتار ہوتے۔