پسندیدہ فٹبالر کی آواز سن کر 9 ماہ سے کوما میں پڑی لڑکی جاگ اٹھی

 الینا گزشتہ سال دسمبر میں خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئیں تھیں— فوٹو: فائل 

اٹلی کے 43 سالہ فٹبالر فرانسسکو ٹوٹی کی آواز سن کر 9 ماہ سے کوما میں پڑی لڑکی معجزانہ طور پر جاگ اٹھی۔

19 سالہ لڑکی الینا متیلی گزشتہ سال دسمبر میں خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی تھیں اور اس حادثے میں ان کی دوست انتقال کرگئی تھیں۔

الینا کو ائیرایمبولینس کے ذریعے روم کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سر میں چوٹ کی وجہ سے وہ کوما میں چلی گئیں تھیں۔

الینا خود بھی فٹبالر رہی ہیں اور اٹلی کے کلب اے ایس روما کی مداح بھی تھیں، ان کے والدین 9 ماہ تک روزانہ باقاعدگی سے کلب کا آفیشل نغمہ اسے  سناتے رہے۔

 معجزے کے بعد اسٹار فٹبالر بھی آج الینا سے ملنے روم کے اسپتال پہنچے جہاں انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے— فوٹو: اسپورٹس بائبل

اسی دوران الینا کو کلب کے اسٹار کھلاڑی فرانسسکو ٹوٹی کا ویڈیو پیغام سنایا گیا تو وہ معجزانہ طور پر کوما سے باہر نکل آئیں۔

ویڈیو پیغام میں اسٹار فٹبالر کا کہنا تھا کہ ’الینا تم ہمت مت ہارنا ، تم یہ سب کرسکتی ہو اور ہم سب تمہارے ساتھ ہیں‘۔

اس معجزے کے بعد اسٹار فٹبالر بھی آج الینا سے ملنے روم کے اسپتال پہنچے جہاں انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔

ٹوٹی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں ملاقات کے لیے پرجوش تھا، وہ مجھے دیکھ کر مسکرائی اور مجھ سے روتے ہوئے گلے لگی۔

انہوں نے کہا کہ الینا کے ڈسچارج ہونے کے بعد بھی ملاقات کروں گا۔

اس دوران 19 سالہ الینا کے والد نے بھی اسٹار فٹبالر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے دوستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ٹوٹی سے رابطہ کرنے اور ویڈیو میسیج ریکارڈ کرانے کا مشورہ دیا۔

خیال رہے کہ فرانسسکو ٹوٹی کا شمار اٹلی کے کامیاب فٹبالر میں ہوتا ہے  اور وہ 2006 میں قومی ٹیم سے ریٹائر ہوگئے تھے تاہم مقامی لیگز میں کھیلتے رہے اور 2017 میں باقاعدہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ لی۔

مزید خبریں :