دنیا
Time 01 اکتوبر ، 2020

لبنان: عام معافی کا قانون نہ لانے پر قیدیوں نے خودکشی کی دھمکی دے دی

فائل فوٹو

لبنان میں قیدیوں نے عام معافی کا قانون نہ لانے کی صورت میں خودکشی کی دھمکی دے دی۔

عبر خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی مرکزی جیل کے قیدیوں نے عام معافی کا قانون لانے کے لیے پارلیمنٹ پر دباؤ ڈالا ہے اور قانون نہ لانے کی صورت میں خودکشیوں کی دھمکی دی ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ جیل سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں قیدیوں نے دھمکی دی کہ اگر عام معافی کا قانون پاس نہیں کیا گیا تو وہ خود کو پھانسی لگا لیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق قیدیوں کا کہنا تھا کہ ہم چور ہیں لیکن یہ سب بھوک اور غربت کی وجہ سے ہے، ملک میں بڑے چوروں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا اور صرف ایک انڈہ چرانے والوں کو بھی سزا دی جاتی ہے جب کہ سابق وزیراعظم رفیقی حریری کو قتل کرنے والے کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جیل میں قید ایک قیدی نے خودکشی کے لیے اپنے کپڑوں کو ہی گردن اور ناک پر لپیٹ لیا تھا جب کہ قیدی کا کہنا تھا کہ اگر عام معافی کا قانون پاس نہیں ہوتا تو ہماری زندگی کا ہم سے کوئی واسطہ نہیں، ہمیں مرجانا چاہیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قیدیوں کے اہلخانہ نے ایمنسٹی قانون سے متعلق اجلاس کے موقع پر بلڈنگ کے باہر دھرنا بھی دیا اور اپنے قیدیوں کے لیے معافی کا قانون لانے کا مطالبہ کیا تاہم پارلیمنٹیرینز کے درمیان اتفاق نہ ہونے پر معاملہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :