02 اکتوبر ، 2020
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی مرکزی قیادت کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی ہوگیا۔
پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کے آج ہونے والے اجلاس میں مرکزی عہدیداروں کا فیصلہ کیا جانا تھا تاہم اجلاس جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کیا گیا۔
خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان ان دنوں آزاد کشمیر کے تنظیمی دورے پر ہیں جب کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست میں ہیں۔
پی ڈی ایم کا اجلاس کل تک ملتوی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حزب اختلاف کی 11 جماعتوں نے حکومت کے خلاف ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کے نام سے اتحاد تشکیل دیا ہے۔
اس اتحاد میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔