سابق منیجر کی خودکشی کے بعد سشانت نے کیا قدم اٹھایا؟ باورچی کا انکشاف

سشانت کے کیس میں اب تک کئی افراد سے تفتیش کی جاچکی ہے اور 12 افراد گرفتار بھی ہوچکے ہیں— فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے باورچی نیرج سنگھ نے اہم انکشاف کیا ہے۔

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کی تحقیقات کا معاملہ سلجھتا جارہا ہے اور تحقیقاتی اداروں کی تفتیش میں منشیات کا استعمال بھی سامنے آیا ہے جس کے بعد انڈسٹری کے صف اول کی اداکارائیں بھی نرغے میں آئی ہیں۔

سشانت کے کیس میں اب تک کئی افراد سے تفتیش کی جاچکی ہے اور 12 افراد گرفتار بھی ہوچکے ہیں تاہم اب اس کیس میں ایک بار پھر سشانت کی سابق منیجر ڈشا سالیان کی خودکشی کا پہلو سامنے آیا ہے۔

سشانت کی سابقہ منیجر ڈشا نے بھی 8 جون کو خودکشی کرلی تھی جس کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ اس واقعے کے بعد سشانت بھی صدمے میں تھے اور اب ان کے باورچی نے بھی اس حوالے سے انکشافات کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نیرج کا کہنا ہے کہ سشانت سنگھ تھوڑا تھوڑا ڈپریشن میں تھے لیکن بالکل ٹھیک ہوگئے تھے، پھر لاک ڈاؤن میں وہ گھر پر ہی تھے اور زندگی معمول کے مطابق تھی۔

سابقہ منیجر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ڈشا کی خودکشی کے بعد سشانت کی زندگی میں ایک تبدیلی یہ دیکھنے میں آئی تھی کہ انہوں نے کھانا پینا کم کردیا تھا، تھوڑا خاموش رہنے لگے تھے، باقی سب ٹھیک تھا‘۔

خیال رہے کہ سشانت کی منیجر  نے 8 جون کو ممبئی   کے ایک اپارٹمنٹ کے 14 ویں منزل سے کود کر خودکشی کی تھی جس کے چند روز بعد 14 جون کو سشانت نے بھی مبینہ طور پر اپنے گھر میں پھندا لگاکر خودکشی کرلی تھی۔

مزید خبریں :