04 اکتوبر ، 2020
مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل کے مریم نواز سے متعلق بیان کی تردید کردی۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مریم نوازکی کھوکھر پیلس میں کسی بھارتی شخص سے ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گِل نے جھوٹا الزام لگایا ہے، انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا، اگر انہوں نے اپنا الزام ثابت نہ کیا تو ان کو قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے سیف الملوک کھوکھر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’کھوکھر صاحب ہمیں پتا ہے آپ جیسے لوگ ملک دشمن بیانیے کا حصہ نہیں ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ آپ تو خود مجبور اور پھنسے ہوئے ہیں، یہ ملاقات آپ کی طرف نہیں ہوئی، لاہور میں کئی اور کھوکھر ہاؤس اور کھوکھر پیلس موجود ہیں، اس کا جواب مریم کو دینے دیں کہ یہ ملاقات کہاں ہوئی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے الزام عائد کیا تھا کہ مریم نواز کی ایک بھارتی شہری سے جو ملاقات ہوئی وہ کھوکھر پیلس میں ہوئی، پریس کانفرنس کے بعد وہ اسی جگہ پر رکی رہیں اور سگنل ملنے پر وہاں سے نکل کر سیدھی کھوکھر پیلس پہنچیں۔