05 اکتوبر ، 2020
چند سال قبل سوشل میڈیا پر ارشد چائے والے کے نام سے مشہور ہونے والا نوجوان ارشد سوشل میڈیا اسٹار بن کر ابھرا تھا جس کے بعد نوجوان نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ایک میوزک البم میں بھی کام کیا لیکن ارشد پھر اچانک منظر سے غائب ہوگیا۔
2016 میں ایک فوٹوگرافر نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے بیچنے والے نوجوان ارشد خان کی ایک تصور کھینچ کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی جس کے بعد رات و رات چائے والا ارشد خان مشہور ہوگیا تھا۔
بعدازاں سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان کو شوبز انڈسٹری کی جانب سے ماڈلنگ اور ایکٹنگ کی آفرز بھی ہوئی تھیں۔
دوسری جانب ارشد خان کا نام لندن کے جریدے کی جانب سے جاری کی جانے والی ایشیاء کے 50 پُرکشش ترین افراد کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
اب کئی سال بعد ارشد خان ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں اور اس بار وہ اسلام آباد میں ایک ماڈرن طرز کا کیفے کھولنے کی وجہ سے سب کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
ارشد خان نے حال ہی میں اردو نیوز کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اسلام آباد میں خود کا چائے کیفے کھولا ہے جس کا نام ’کیفے چائے والا‘ ہے۔
ارشد خان کے ماڈرن طرز کے کیفے کی تھیم ’ٹرک آرٹ‘ پر مبنی ہے اور کیفے میں شوخ رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے جب کہ کیفے کے انٹیرئیر ڈیزائن میں پاکستان کا کلچر صاف نمایاں ہے۔
ارشد خان کا کہنا ہے کہ ابھی میں اپنا زیادہ وقت کیفے کو دیتا ہوں جب کہ اداکاری میں میرے ٹی وی شو کی ابھی 4 قسطیں ریلیز ہو چکی ہیں اور میں اس کو بھی وقت دوں گا۔