دنیا
Time 05 اکتوبر ، 2020

امریکی صدر کی اسپتال میں کام کرنے کی تصاویر وائرل

گزشتہ روز امریکی صدر اسپتال سے گاڑی میں باہر آئے تھے اور وہاں جمع اپنے حامیوں کو ہاتھ ہلایا تھا— فوٹو: وائٹ ہاؤس

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی علاج کے دوران صدارتی امور انجام دینے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کورونا کی تشخیص کے بعد امریکا کے والٹر ریڈ ملٹری اسپتال میں زیر علاج ہیں اور اس دوران ان کی صحت کے حوالے سے مختلف خبریں سامنے آئی تھیں۔

امریکی صدر کی صحت کے حوالے سے ان کے حامیوں میں تشویش پائی جاتی ہے جس کے بعد وائٹ ہاؤس نے بیماری کے دوران ان کے کام کرنے کی تصاویر جاری کیں۔

— فوٹو: وائٹ ہاؤس

صدارتی محل کی جانب سے جاری ٹرمپ کی ایک تصویر میں ٹرمپ نے سفید قمیض پہنی ہوئی ہے اور اسپتال میں صدارتی کمرے میں موجود کانفرنس روم میں کام کررہے ہیں۔

دوسری تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ سوٹ پہنے ہوئے ایک دستاویز پر دستخط کررہے ہیں، مگر اس میں کمرہ کوئی اور ہے۔

— فوٹو: وائٹ ہاؤس

ان تصاویر پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں اور کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ سادہ کاغذ پردستخط کررہے ہیں۔

— فوٹو: سوشل میڈیا

ائیر کرنٹ نامی ایوی ایشن جریدے کے ایڈیٹر انچیف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر کی یہ دونوں تصاویر 10 منٹ کے وقفے سے لی گئیں اور اِن تصاویر کو اس لیے جاری کیا گیا تاکہ امریکی عوام کو صدر کی صحت میں بہتری کی یقین دہانی کرائی جاسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی  امریکی صدر اسپتال سے گاڑی میں باہر آئے تھے اور وہاں جمع اپنے حامیوں کو ہاتھ ہلایا تھا۔

مزید خبریں :