Time 06 اکتوبر ، 2020
کھیل

زمبابوے کیخلاف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی دکھانے والوں کو موقع دیں گے، مصباح

زمبابوے کے خلاف سیریز کا اعلان نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ مکمل ہونے کے بعد کریں گے: ہیڈ کوچ— فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کے معترف ہوگئے۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق لاہور میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون کا جائزہ لینے کے لیے قذافی اسٹیڈیم پہنچے  جہاں انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا۔

مصباح الحق نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز کا اعلان نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ مکمل ہونے کے بعد کریں گے جب کہ کوشش ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے لیے 22 یا 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں نئے اور نوجوان کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، کھلاڑی اپنا پوٹینشنل دکھا رہے ہیں جب کہ یہ فیصلہ نہیں کیا کہ سینیئرز کو آرام دینا ہے یا نہیں، ابھی اس حوالے سے سوچ بچار جاری ہے۔

خیال رہے کہ مصباح الحق ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز دیکھنے کے لیے راولپنڈی بھی جائیں گے جہاں وہ میچز دیکھنے کے ساتھ ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت بھی کریں گے جب کہ دیگر سلیکٹرز 6 صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے کوچز ہیں۔

اس حوالے سے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ ملتان میں ایک روزہ انٹرا اسکواڈ میچ کی منصوبہ بندی کی ہے کیونکہ پاکستان ٹیم ایک سال سے ون ڈے میچز نہیں کھیلی ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ رہے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو زمبابوے اور نیوزی لینڈ کے خلاف موقع دیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جاری ہے جس میں 6 صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شریک ہیں۔

مزید خبریں :