پاکستان
Time 07 اکتوبر ، 2020

گوجرانوالہ میں پولیس کا ن لیگ کی کارنر میٹنگ پر دھاوا، منتظم زیرحراست

گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے  میں منعقدہ مسلم لیگ (ن) کی کارنر میٹنگ پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔

پولیس کے مطابق (ن) لیگ کی جانب سے گوجرانوالہ کے حیدری روڈ پر کارنر میٹنگ کی جانی تھی اور اس میٹنگ سے خرم دستگیر نے خطاب کرنا تھا لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی پولیس پہنچ گئی۔

پولیس کے مطابق کارنر میٹنگ کے سلسلے میں لوگ سڑک جمع تھے جنہیں پولیس نے منتشر کرنے کی کوشش تاہم لیگی کارکنوں کی مزاحمت پر پولیس نے ساؤنڈ سسٹم قبضہ میں لے لیا۔ 

پولیس نے کارنر میٹنگ کے منتظم ملک عباس بشیر کو حراست میں لے لیا۔

اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پولیس کارروائی قابل مذمت ہے، کارکنوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ڈی ایس پی پیپلزکالونی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے سڑک پر جلسہ کرنے کی کوشش کی جسے روکا گیا کیونکہ اجازت کے بغیر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک کا پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو ہوگا جس سے مرکزی قیادت اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز خطاب کریں گی۔

مزید خبریں :