Time 09 اکتوبر ، 2020
کھیل

لاک ڈاؤن میں مٹن کی ایک نئی ڈش بنانا سیکھی: قومی کرکٹر عالیہ ریاض

عالیہ ریاض

‏قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں کوکنگ میں مٹن بنانا سیکھا اور گھر والوں کا کام میں ہاتھ بھی بٹایا۔

عالیہ ریاض نے کہا کہ پُر جوش ہوں کہ ویمن کرکٹ ٹیم کے کیمپ کے لیے کراچی میں اکٹھی ہو رہی ہیں، کووڈ-19 نے ہمیں نہ صرف ٹریننگ سے دور رکھا بلکہ ایک دوسرے سے بھی دور کر دیا تھا، اب گراؤنڈ میں ٹریننگ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ مل کر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جس کا فائدہ ہو گا، میں منتظر ہوں کہ کیمپ شروع ہو اور اس سے فائدہ اٹھائیں۔

‏عالیہ ریاض کا کہنا تھاکہ کووڈ-19 کی وجہ سے جب کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں تھیں تو تب فوکس فٹنس پر رہا، اب ہمیں کیمپ میں میچز کھیلنے کا بھی موقع ملے گا جس سے آنے والے سیزن کے لیے فائدہ ہو گا، ڈومیسٹک میچز بھی آرہے ہیں اور اس کے بعد انٹر نیشنل کمٹمنٹس بھی ہیں، تو ہمیں میچ پریکٹس میں آنے کا موقع ملے گا۔

آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے مزید کہا کہ کمٹمنٹ تھی کہ خود کو فٹ رکھنا ہے اس لیے ٹورنامنٹس اور کوئی سرگرمی نظر نہ آنے کے باوجود خود کو متحرک رکھنے کی کوشش کی ہے۔

‏ عالیہ ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے بھی اچھے کوچز میسر آئے، اب نئے کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی تقرری ہوئی ہے، ان کی موجودگی سے فائدہ اٹھائیں گی اور ان سے بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔

‏ عالیہ ریاض نے بتایا کہ کہ وہ تھوڑی بہت کوکنگ تو پہلے بھی کرتی تھیں لیکن کووڈ-19 کی وجہ سے گھر پر رہتے ہو ئے انہوں نے مٹن کی ڈش بنانا سیکھ لی ہے، یہ ایک نئی ڈش ہے جو میں نے سیکھی ہے جب کہ پاستا وغیرہ بھی بنا لیتی ہوں۔

‏دوسری جانب ویمن کرکٹر نتالیہ پرویز کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں صرف فٹنس پر فوکس کیا، اب میدان میں کھیل کر مزہ آئے گا، کھلاڑی کا کام ہی خود کو متحرک رکھنا ہے، اب جب کہ گراونڈ میں واپسی ہو رہی ہے تو مشکل نہیں ہو گا۔

نتالیہ پرویز

‏نتالیہ نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کھیل کو بہت مس کیا لیکن اس دوران فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا، جب گھر تھی تو گھر والوں کا کاموں میں بھی ہاتھ بٹایا، والدین کہتے تھے کہ اگر گھر ہو تو پھر گھر کے کام بھی کرو۔

مزید خبریں :