Time 09 اکتوبر ، 2020
کھیل

فہیم اشرف کا قومی ٹی ٹوئنٹی میں آل راؤنڈ پرفارمنس پر اظہار مسرت

سینٹرل پنجاب کی جانب سے ناردرن کیخلاف میچ میں فہیم اشرف نے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر چار وکٹیں بھی لیں— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ طویل عرصہ بعد بیٹنگ اور بولنگ میں اچھا پرفارم کرنے کے بعد وہ کافی مطمئن محسوس کررہے ہیں، بیٹنگ میں مشکل آرہی تھی جس کیلئے محمد یوسف نے کافی مشورے دیے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے ناردرن کیخلاف میچ میں ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلنے اور چار وکٹیں لینے کے بعد فہیم اشرف نے اپنی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا۔

فہیم اشرف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کافی عرصہ بعد میچ کھیل کر اچھے انداز میں کم بیک ہوا۔

فہیم اشرف نے آخری مرتبہ پی ایس ایل میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا، دورہ انگلینڈ میں ٹیم کے ساتھ وہ شامل تو رہے لیکن دو وارم اپ سے زیادہ ان کو کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔

فارم اور فٹنس مسائل کی وجہ سے آل راؤنڈر نے قومی ٹی ٹوئنٹی کا ملتان میں ہونیوالا پہلا مرحلہ بھی مس کیا۔ اس دوران وہ لاہور میں میں این سی اے میں اپنی ری ہیب پر کام کرتے رہے۔

فہیم اشرف نے کہا کہ انہیں اندازہ تھا کہ وہ بیٹنگ میں کافی عرصہ سے مشکلات کا شکار تھے جس پر دورہ انگلینڈ کے دوران شاہد اسلم اور پھر این سی اے میں محمد یوسف نے انہیں بہت مدد دی۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد کھیل کر جب وکٹیں لیں تو ہر وکٹ ہی خاص لگتی ہے لیکن میچ میں ذیشان ملک کی وکٹ کافی اہم تھی کیوں کہ اس سے ٹیم کی جیت کی راہ ہموار ہوئی۔

فہیم اشرف نے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ پارٹنرشپ اور سنچری شراکت پر کافی اچھا لگا، پہلی بار ڈومیسٹک میں بابر اعظم کے ساتھ پارٹنرشپ ہوئی اور اس میں بابر اعظم نے کافی رہنمائی کی جس کی وجہ سے انہیں کھل کر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا۔

مزید خبریں :