پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2020

مریم اور بلاول کی ایک دوسرے کو اپنے جلسوں سے خطاب کی دعوت

بلاول کی مریم کو کراچی، مریم کی بلاول کو گجرانوالہ جلسے سے خطاب کی دعوت— فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی اور انہیں 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کی دعوت دی، جبکہ بلاول بھٹو نے مریم نواز کو کراچی میں 18 اکتوبر کو ہونے والے جلسے میں خطاب کی بھی دعوت دی۔

بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نوید قمر موجود تھے۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو کو 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کی دعوت پہنچائی جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کیلئے 18 اکتوبر کو کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کی دعوت دی۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان اپوزیشن کی تحریک سے پہلے بوکھلا کر گرفتاریوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم نے جیل بھرو تحریک چلائی تو قیدخانوں میں جگہ کم پڑجائے گی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کی غریب دشمن پالیسیوں کی بدولت ملک پیچھے جارہا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت اپنے عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو اب زیادہ عرصہ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مسلم لیگ ن کا جلسہ 16 اکتوبر کو گجرانوالہ میں ہوگا جبکہ 18 اکتوبر کو کراچی میں پیپلز پارٹی جلسہ کرے گی۔

مزید خبریں :