پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2020

علماء کمیٹی کا حکومت کو مولانا عادل کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

 حکومت 48 گھنٹوں میں مولانا عادل کے قاتلوں کو گرفتار کرے تاہم قاتلوں کی عدم گرفتاری پر راست اقدام پر مجبور ہوں گے: کراچی علماء کمیٹی— فوٹو:فائل 

کراچی علماء کمیٹی نے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو الٹی میٹم دے دیا۔

کراچی علماء کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس  کے مطابق اجلاس میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل کی مذمت کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق مولانا عادل کی ملک وبیرون ملک بے شمار خدمات ہیں اور انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے اقدامات کریں جب کہ علماء کمیٹی مولانا عادل کو سیکیورٹی نہ دینا حکومتی غفلت سمجھتی ہے لہٰذا حکومت تمام دینی اداروں اور اہم علماء کو فول پروف سیکیورٹی دے۔

اعلامیے کے مطابق علماء اور مدارس نے امن وامان برقرار رکھنے میں ہمشیہ مؤثر کردار اداکیا اور مولانا عادل کی نمازجنازہ کے موقع پر امن وامان مکمل برقرار رکھا گیا۔

علماء کمیٹی نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 48 گھنٹوں میں مولانا عادل کے قاتلوں کو گرفتار کرے تاہم قاتلوں کی عدم گرفتاری پر علماء، مدارس اور اتحاد تنظیم مدارس راست اقدام پر مجبور ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

تاہم اب تک ان کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت نہیں ہوسکی ہے اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مزید خبریں :