پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2020

جس روز فارن فنڈنگ کیس کھلا عمران خان منہ دکھانےکے قابل نہیں رہینگے، حمزہ

مسلم لیگ ن کے رہنما اور  پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ میڈيا کا گلا گھوٹنے اور ٹک ٹاک بندکرنے سےکیا معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟ باہر سے آنے والی معاشی ٹیم کوکیا پتہ ریڑھی والے کا کیا مسئلہ ہے۔

 پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ عوام آٹے کے لیے رو رہے ہیں جب کہ وزیراعظم کے نوٹس کے بعد مہنگائی اوربڑھ گئی ہے، پہلے گندم ایکسپورٹ پھر امپورٹ کرتے ہیں، آنے والےدنوں میں فیصلہ کن جنگ ہوگی، عوام اس نااہل، کرپٹ اور عقل سے عاری حکومت کا محاسبہ کریں گے۔

حمزہ شہباز کاکہنا تھاکہ لوگ آٹے کے لیے رو رہے ہیں اور وفاقی وزیرکو معلوم نہیں گندم کہاں چلی گئی، غریب آدمی مہنگائی میں پس رہا ہے،لوڈشیڈنگ بھی  دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

حمزہ شہبازکاکہنا تھاکہ شہباز شریف کو احتساب کے لیے نہیں انتقام کےلیےگرفتار کیاگیا، لوگ علیمہ خان کاحساب مانگ رہے ہیں، جس روز فارن فنڈنگ کیس کھلا عمران خان لوگوں کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ نئے پاکستان کے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے، میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے، ایک ماہ ہوگیا نالائقوں سے موٹروے سانحے کا ملزم گرفتار نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز قومی احتساب بیورو(نیب)  لاہور کی حراست میں ہیں اور وہ پروڈکشن آرڈر پر پنجاب اسمبلی اجلاس میں پیش ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :