Time 13 اکتوبر ، 2020
پاکستان

موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کو جیل بھیج دیا گیا

لاہور: عدالت نے موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو  شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا۔

کرائمز انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) ماڈل ٹاؤن کی ٹیم نے موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا جس کی سربراہی ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کررہے تھے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی جس میں پولیس نے کیس کی ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

عدالت نے کیس پر مختصر سماعت کے بعد ملزم عابد ملہی کو شناخت پریڈ کیلئے 14 روز کیلئےجیل بھیج دیا۔

اس موقع پر  موٹروے زیادتی کیس کے دوسرے ملزم شفقت کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا جس کا عدالت نے 28 اکتوبر تک مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

واقعے کا پسِ منظر

9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔

2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پیٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔

جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی۔

مزید خبریں :