14 اکتوبر ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس مئی میں بابر اعظم کو ایک برس کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا اور پھر نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور دیگر ٹیموں کے خلاف شیڈول سیریز میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کپتان برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرنا تھا۔
تاہم عالمی وبا کورونا کے باعث اب نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہو چکا ہے۔ 2021 میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے 22-2021 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میزبان کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے چونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ آگے چلی گئی ہے لہذا پی سی بی نے بابر اعظم کے عہدے کی معیاد میں بھی ورلڈ کپ تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بابر اعظم ون ڈے کے بھی کپتان ہیں اور وہ پہلی مرتبہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔