Time 14 اکتوبر ، 2020
پاکستان

دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے سیکڑوں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ

دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دبئی ائیر پورٹ پر پھنسے پاکستانی نئی سفری شرائط پر پورے نہیں اتر رہے لہٰذا انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا— فوٹو: اسکرین گریب

دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے سیکڑوں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دبئی ائیر پورٹ پر پھنسے پاکستانی نئی سفری شرائط پر پورے نہیں اتر رہے لہٰذا انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

مسافروں کا شکوہ ہے کہ  300 پاکستانی شہری سفارتی مدد کے ہی منتظر رہے لیکن مدد کے بجائے انہیں وطن واپسی بھیجا جانے لگا۔

 مسافروں کا شکوہ ہے کہ ملک میں نوکری نہیں، دبئی نوکری کیلئے پیسہ جمع کرکے آئے تھے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں تقریباً 300 سے زائد پاکستانی شہری مختلف پروازوں کے ذریعے وزٹ ویزے پر دبئی پہنچے تاہم نئی ٹریول پالیسی پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے حکام نے انہیں ائیرپورٹ پر ہی روک لیا تھا۔

آج سیاحتی ویزے پر مزید 80 پاکستانی دبئی ائیرپورٹ پر لینڈ کر گئے ہیں اور یہ پاکستانی بھی نئی ٹریول شراط پر پورا نہیں اترتے۔

نئی ٹریول پالیسی کے مطابق متحدہ عرب امارات آنے والے افراد پر لازم ہے کہ وہ ہوٹل کی بکنگ ، ریٹرن ٹکٹ اور 2 ہزار درہم کی رقم اپنے ساتھ رکھیں ورنہ انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاکستانی قونصل خانے نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ ویزے کے ساتھ 2 ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کروا کر ہی یو اے ای آئیں۔

مزید خبریں :