15 اکتوبر ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہےکہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں لہٰذا حکومتی اقدامات کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو سخت اقدامات کریں گے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نےکہا کہ ملک بھر میں کورونا کیس بڑھ رہے ہیں، گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.37 فیصد رہی جو 50 روز کے دوران بلند ترین شرح ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مظفرآبادمیں کورونا مثبت آنےکی شرح بلند ترین اور کراچی میں بھی زیادہ ہے جب کہ لاہور اور اسلام آباد میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔
سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ موقع ہے ہم سب کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو سنجیدہ لیں ورنہ دوسری صورت میں حکومت کو سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔