15 اکتوبر ، 2020
وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن کو جناح اسٹیڈیم بھرکر دکھانے کا چیلنج کردیا جسے ن لیگ نے قبول کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر اسٹیڈیم بھر گیا تو شبلی فراز مستعفی ہونے میں کتنی دیر لگائیں گے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ فیملی لمیٹڈ کمپنی مال بچانے کےلیے سڑکوں پرآئی، اپوزیشن قیادت کرپشن بچاؤ مہم کے لیے مجمع اکٹھا کر رہی ہے، حکومت دباؤ میں نہیں آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کہتے ہیں کہ 10 پارٹیاں مل کر 7 بندے اکٹھے کر بھی لیں تو کیا اس سے احتساب رُک جائے گا؟ جب عمران خان نکلا تھا تو اُس کے ماتھے پر سچ، ایمانداری لکھی تھی، آج ان کے ماتھوں پر جھوٹ، بددیانتی، کیلبری اورقطری خط لکھا ہوا ہے۔
ادھر ن لیگ نے وفاقی وزیر شبلی فراز کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ہیں شبلی فراز بتائيں اگر اسٹیڈیم بھرگیا تو مستعفی ہونے میں کتنی دیر لگائيں گے؟
راناثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ جلسہ پنجاب کی تاریخ کا بے مثال جلسہ ثابت ہوگا ، میڈيا خود دکھادے گا کہ اسٹیڈیم کتنابھرا ہوا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ ن لیگی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے ، سب کچھ عمران خان کی ایما پر ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کی میزبانی میں جلسہ 16 اکتوبر یعنی کل گوجرانوالا میں ہوگا جس کے لیے جناح اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔