16 اکتوبر ، 2020
پاکستان فیشن انڈسٹری کی مقبول ترین ماڈل آمنہ الیاس آج کل سوشل میڈیا پر فئیرنیس کریم کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف اور باڈی شیمنگ کے حوالے سے بات کرتی دکھائی دے رہی لیکن اس معاملے پر ان کے مداح انہیں آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔
آمنہ الیاس نے چند روز قبل ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے آٹے سے بھرے تسلے میں اپنا منہ ڈال کر لوگوں کو پیغام دیا تھا کہ اپنے آپ کو پہچانیں۔
بعد ازاں آمنہ الیاس نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے باڈی شیمنگ (یعنی جسم کی بناوٹ کا مذاق بنانے والوں) کو ایک پیغام دیا تھا۔
اب آمنہ الیاس کا سوشل میڈیا پر موجود ایک ویڈیو کلپ بھی وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنے ساتھ صدف کنول کو ایک ماڈل کا حلیہ سمجھا رہی تھیں تاکہ وہ اس کا نام پہچان سکیں۔
ماڈل آمنہ الیاس کی پرانی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ماڈل آمنہ حق کا حلیہ سمجھانے کے لیے باڈی شیمنگ کا سہارا لیتی ہیں اور جیسی ہی صدف کنول ماڈل آمنہ حق کا نام پہچان لیتی ہیں تو دونوں تالی مارتے ہیں۔
اس ویڈیو کے بعد صارفین نے آمنہ الیاس کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کا کہنا ہے کہ آپ آج کل خود باڈی شیمنگ کرنے والوں کے خلاف باتیں کر رہی ہیں جب کہ اس سے قبل آپ خود باڈی شیمنگ کرتے دکھائی دی تھیں۔
دوسری جانب چند صارفین نے انہیں یہ بھی کہا کہ آپ فئیرنیس کریم کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہی ہیں لیکن آپ تو خود اپنی تصاویر میں گورا دکھنے کے لیے فلٹرز کا استعمال کرتی ہیں۔
علاوہ ازیں صارفین نے ماڈل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ فیئرنیس کریم کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف ہیں تو خود فلٹرز اور میک اپ کا استعمال کیوں کرتی ہیں ؟ ان میں اور آپ میں کوئی فرق نہیں ہے۔
ماڈل آمنہ الیاس نے صارفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے بعد ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں انہوں نے صارفین سے سوال کیا کہ آپ لوگ کیا بول رہے ہیں؟ موٹا کہاں ہے؟ اس میں تو میں ہوں ہی نہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں آمنہ الیاس نے لکھا کہ منافقت کیا؟ آپ لوگ کیا بات کر رہے ہیں؟ جب کہ انہوں نے اس پوسٹ کا کمنٹ سیکشن بند کیا ہوا تھا۔