مرلی دھرن پر بننے والی فلم پر بھارت میں کیوں تنازع کھڑا ہوگیا؟

یہ فلم سیاسی نہیں بلکہ اسپوٹس پر مبنی ہے جس پر اعتراض سمجھ سے باہر ہے: پروڈکشن کمپنی کا اعلان— فوٹو: فائل

سری لنکا کے سابق اسپنر مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم پر بھارت میں سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا۔

مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم ’800‘ میں بھارتی تامل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے سیتھوپتی نے مرکزی کردار ادا کرنے کا اعلان کیا تو بھارت میں سیاسی تنازع کا باعث بن گیا۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو کی مقامی سیاسی جماعت نے وجے سیتھوپتی سے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس عمل کو تامل کاز سے غداری قرار دیا ہے۔ 

مقامی رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن ویکو کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن نے جنگ کے دوران سری لنکا کے اس وقت کے صدر کی حمایت کی تھی اور لاپتہ افراد کے احتجاج کو ڈرامہ قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی تامل اداکار کی جانب سے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کی حامی بھرنے سے دنیا بھر میں ’تامل‘ قوم کو مایوسی ہوئی ہے اور میری درخواست ہے کہ وہ فلم میں کام نہ کریں۔

دوسری جانب مرلی دھرن نے بھی تنازع پر بھی لب کشائی کی ہے اور کہا ہے کہ میرے بیانات پرسب کو غلط فہمی ہوئی ہے، میں جنگ کی سختیوں کو سمجھتا ہوں اور میں نے ہمیشہ معصوموں کے قتل کی مذمت کی ہے اور ہمیشہ کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا سری لنکن تامل ہونا ان کا جرم ہے؟ میں سری لنکا میں پیدا ہوا تو سری لنکن ٹیم میں شمولیت کے لیے کوشش کی، بھارت میں پیدا ہوتا تو یقیناً بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کی کوشش کرتا، مجھے اس معاملے میں ہمیشہ غلط سمجھا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اداکار وجے سیتھوپتی نے بھی مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ مرلی دھرن پر بننے والی فلم ’800‘ کو بھارتی کمپنی ہی پروڈیوس کررہی ہے اور فلم کا پہلا پوسٹر بھی جاری ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے پروڈکشن کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فلم سیاسی نہیں بلکہ اسپوٹس پر مبنی ہے جس پر اعتراض سمجھ سے باہر ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت مرلی دھرن انڈین پریمیئر لیگ میں بھی شریک ہیں اور وہ سن رائزز حیدر آباد کے بولنگ کوچ ہیں۔

مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے واحد بولر ہیں جب کہ ون ڈے کرکٹ میں بھی مرلی نے 534 شکار کیے ہیں۔

مزید خبریں :