آمنہ الیاس اپوزیشن اتحاد پر برس پڑیں

فائل فوٹو

ماڈل آمنہ الیاس ان دنوں سوشل میڈیا پر کافی فعال نظر آرہی ہیں اور سماجی مسائل پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ اب انہوں نے سیاست میں ہونے والی گہما گہمی پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

آمنہ الیاس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کے مزار قائد پر نعرے بازی پر تنقید کرتی نظر آئیں۔

ماڈل آمنہ الیاس نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’سیاست اور گٹر میں کوئی فرق نہیں رہا، یہ کیپٹن صفدر قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر پر جا کے نعرے لگا رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو‘۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ ’یہ دے رہے ہیں عزت قائد کو؟ مجھے ایک بات بتائیں کہ کیا یہ لوگ اپنے والدین کی قبر پر جا کر بھی ایسی ہی حرکتیں کرتے ہیں، اسی طرح شور مچاتے مجمعہ اکھٹا کرتے ہیں صرف اپنے مفاد کے لیے؟‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مریم نواز، بلاول بھٹو یہ بنیں گے ہمارے لیڈرز جو جلسوں میں جا کر انڈے اور ٹماٹروں کے ریٹ بتاتے ہیں، اس میں ناکامی ان کی نہیں ہے اس میں ناکامی ہماری حکومت کی ہے، ہماری حکومت جو اپنے قائد کی محافظ نہیں بن سکتی وہ اور کسی کی کیا حفاظت کرے گی‘۔

ماڈل نے اپنے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ ’میں حکومت سے گزراش کرتی ہوں کہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت ایکشن لیں تاکہ کوئی عام انسان ہو یا سیاست دان وہ دوبارہ ایسا کرنے کی جرآت نہ کرے، انہیں کوئی حق نہیں ہے کہ وہ ہمارے قائد کی توہین کریں ‘۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں پی ڈی ایم ے کے جلسے کے سلسلے میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کراچی پہنچے تھے جہاں مزار قائد پر حاضری کے دوران محمد صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے تھے جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے جلسے کے اگلے روز علی الصبح کیپٹن صفدر کو نجی ہوٹل سے گرفتار کیا تاہم شام میں عدالت نے ان کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

مزید خبریں :