دنیا
Time 20 اکتوبر ، 2020

سفارتخانے میں تقریب کے دوران تائیوان اور چینی سفارتکار گتھم گتھا، 2 افراد زخمی

فائل فوتو

تائیوان اور چینی سفارتکاروں کے آپس میں گتھم گتھا ہونے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان کی وزارت خارجہ کا بتانا ہےکہ واقعہ تائیوان کے قومی دن کے موقع پر پیش آیا جس میں فجی میں جاری تقریب میں چین کے دو سفارتکاروں سے ہاتھا پائی ہوئی جس میں تائیوان کا ایک عہدیدار زخمی ہوگیا۔

تائیوان کی وزارت خارجہ کے مطابق فجی کے دارالحکومت سووا میں تائیوان کے قومی دن کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران چین کے دو سفارتکار بن بلائے تقریب میں گھس آئے اور انہوں نے مہمانوں کی تصاویر لینا شروع کردیں۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ یہ دونوں چینی سفارتکار اس دوران مشتعل ہوگئے اور اسٹاف سے بدتمیزی شروع کردی جس پر ہاتھا پائی کے دوران تائیوان کے ایک عہدیدار کے سر پر چوٹ آئی جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب اس حوالے سے فجی میں قائم چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں تائیوان کے الزام کی تردید کی ہے۔

چینی سفارتخانے کا کہنا ہےکہ ہمارے سفارتکار تقریب کے مقام کے باہر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے لیکن اس دوران تائیوان کے عہدیداروں نے چینی سفارتکاروں کے خلاف اشتعال انگیز رویہ اختیار کیا جس میں ہونے والی ہاتھا پائی میں ایک چینی سفارتکار بھی زخمی ہوا۔

چینی سفارتخانے کے بیان پر تائیوان کا کہنا تھا کہ واقعے پر چین کا بیان سچ کو چھپانے کی کوشش اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔

خیال رہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی پہلے سے جاری ہے اور چین تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے لیکن تائیوان کبھی چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے کنٹرول میں نہیں رہا ہے جب کہ چین نے دھمکی دی تھی کہ اگر ضروری ہوا تو وہ اس پر کنٹرول کے لیے فوجی کاررروائی بھی کرسکتا ہے۔

مزید خبریں :