دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2020

جلال آباد: پاکستانی سفارتخانے کے قریب بھگدڑ مچنے سے 12 افغان خواتین جاں بحق

جلال آباد: افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کےقریب بھگدڑ مچنے سے 12 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

افغان خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں پیش آئے اس واقعے میں 9 خواتین سمیت 3 مرد بھی زخمی ہوئے۔

ترجمان صوبائی گورنر عطا اللہ خان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں زخمی و جاں بحق ہونے والے پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے پاکستانی قونصل خانے کے باہر جمع تھے۔

افغان میڈیا کا بتانا ہے روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں افراد پاکستان کے ویزے کے حصول کے لیے پاکستانی قونصلیٹ کے باہر جمع ہوتے ہیں جن میں بعض افراد تو ایک رات قبل ہی قطار لگالیتے ہیں۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور خان نے ٹوئٹ کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعہ پاکستانی قونصل خانے سے 5کلو میٹر دور جلال آباد کے اسٹیڈیم میں پیش آیا، ہم متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی رکھتے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہاکہ ہم افغان حکام کے ساتھ مل کر ویزہ کیلئے درخواست دینے والوں  کو بہتر سہولتوں کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں، پاکستان نئی پالیسی کے تحت افغان شہریوں کو ویزہ جاری کرنے کے عمل کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

اس سے قبل 13 اکتوبر کو کابل میں پاکستانی سفارتحانے نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہم نے افغان شہریوں کے لیے پاکستانی ویزوں کے حصول کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق نئی ویزہ پالیسی کے تحت افغان شہریوں کو علاج معالجے، خاندانی امور ،کاروبار ، تعلیم اور دیگر مقاصد سے متعلق پاکستان کا دورہ کرنے کے لیےطویل مدتی ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔

افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ماہ بعد حال ہی میں ایک بار پھر ویزوں کا اجرا شروع کیا گیا ہے جس کے باعث درخواست گزاروں کا ہجوم قونصل خانے کے باہر جمع ہوتا ہے۔

مزید خبریں :