21 اکتوبر ، 2020
نواب شاہ: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔
نواب شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں تمام جماعتیں متحد ہیں اور یہ اتحاد دوبارہ انتخابات کرانے کے لیے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یوآئی(ف) نے ملین مارچ اورآزادی مارچ کیے، عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، ملک میں آئینی حکمرانی کی جدوجہد ہورہی ہے، پاکستان کی بقاکی جنگ ہے، اس میں تمام طبقے شریک ہیں لہٰذا ایک آئینی حکومت کے لیے آزادانہ انتخابات کرائے جائیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم صوبوں کے اختیارات کے علمبردار ہیں، صوبائی اختیارات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، سندھ اوربلوچستان کے جزائر مقامی لوگوں کی ملکیت ہیں۔