Time 21 اکتوبر ، 2020
پاکستان

ویڈیو موجود ہے کس طرح پی ٹی آئی والوں نے پولیس کو دھمکیاں دیں، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اور ایک وفاقی وزیر نے پولیس کو دھمکیاں دیں، دھمکیوں اور دباؤ ڈالنے کی ویڈیو بھی موجود ہے۔

ایک بیان میں ترجمان سندھ حکومت کاکہنا ہے کہ ویڈیو موجود ہےکہ کس طرح پی ٹی آئی والوں نے پولیس کو دھمکیاں دیں اور دباؤ ڈالا، وزیر اعلیٰ سندھ نے تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی کے ممبران کا اعلان آج کردیا جائےگا،تمام باتیں تفتیش میں سامنے آئیں گی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ پنجاب میں پی ٹی آئی اپنے مقاصد کے لیے پولیس کو استعمال کرتی ہے، ہمارا مؤقف رہا ہےکہ پولیس کو آزادانہ کام کرنے دیاجائے۔

خیال رہےکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے 18 اکتوبر کو کراچی کے باغ جناح میں جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا  جس میں شرکت کیلئے ن لیگ کا وفد مریم نواز کی قیادت میں 18 اکتوبر کی صبح کراچی پہنچا جس میں کیپٹن (ر) صفدر بھی موجود تھے۔

ن لیگ کا وفد مزار قائد گیا جہاں مریم اور دیگر رہنماؤں نے قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’مادر ملت زندہ باد‘ کے نعرے لگوادیے جس پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا، جس کے بعد19اکتوبر کی علی الصبح سابق کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا جنہیں بعدازاں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

واقعےکے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے مزار قائد کے تقدس کی پامالی سے متعلق کیس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے طریقہ کار پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی مکمل انکوائری کرانے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :