پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2020

پاکستان میں کورونا مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ

پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے اور گزشتہ روز مسلسل تیسرے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.5 فیصد کے قریب رہی۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 28534 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 736 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور اس طرح ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.57 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 10 افراد انتقال کرگئے جس سے اب تک وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6702 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 142641 ہوگئی ہے جب کہ 2590 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 102107 ہے اور 2323 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 15738 اور ہلاکتیں 148 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 38810 اور 1266 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 3639 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 84 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4107 اور 90 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 18438 ہے اور اب تک 201 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :